Wed, September 16, 2026

باجوڑ آپریشن کے خلاف فتنتہ الخوارج کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب

باجوڑ آپریشن کے خلاف فتنتہ الخوارج کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب

سیکیورٹی فورسز نے 18 اگست کو باجوڑ کی عوام کو واضح ہدایت دی تھی کہ وہ جاری آپریشن کے دوران کسی بھی دہشت گرد کو اپنے علاقوں میں پناہ نہ دیں

باجوڑ: سکیورٹی فورسز کے باجوڑ میں جاری دہشت گردی مخالف آپریشن کے خلاف کالعدم تنظیم "فتنتہ الخوارج" کا گمراہ کن اعلامیہ منظر عام پر آ گیا ہے۔ خارجی دہشت گرد نور ولی کی جانب سے جاری کیے گئے اس اعلامیے میں پاک فوج کے آپریشن کو "ظلم" قرار دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جو کہ زمینی حقائق کے سراسر منافی ہے۔

ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے 18 اگست کو باجوڑ کی عوام کو واضح ہدایت دی تھی کہ وہ جاری آپریشن کے دوران کسی بھی دہشت گرد کو اپنے علاقوں میں پناہ نہ دیں۔ تاہم، "فتنتہ الخوارج" کے جاری کردہ اعلامیے میں اپنے مقامی کمانڈروں کو باجوڑ نہ چھوڑنے کی ہدایت دی گئی، جو تنظیم کی دوغلی اور منافقانہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔

اعلامیے میں پاک فوج پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے باجوڑ آپریشن کو ریاستی جبر سے تعبیر کیا گیا ہے، حالانکہ سیکیورٹی فورسز صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور مقامی آبادی کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق، دہشتگرد تنظیم کا یہ اعلامیہ دراصل آپریشن کی کامیابیوں کے بعد پیدا ہونے والی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، اور اس کا مقصد عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔