اسلام آباد: پاکستان میں رواں سال کا ساتواں پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں رپورٹ ہوا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق، یہ کیس پولیو مہم کے دوران رپورٹ ہوا ہے۔ اس مہم کے تحت 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام نے کہا کہ 5 سال تک کے تمام بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلوانا لازمی ہے تاکہ وہ اس بیماری سے محفوظ رہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور 2 لیویز اہلکاروں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شہید ہوگئے۔ حکام نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کی مہم پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔