Wed, September 16, 2026

پاسپورٹ فیس جمع کرانے کا طریقہ تبدیل، دفاتر میں نقد ادائیگی کا باب بند

پاسپورٹ فیس جمع کرانے کا طریقہ تبدیل، دفاتر میں نقد ادائیگی کا باب بند

اسلام آباد: ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں فیس جمع کرانے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یکم جولائی سے پاسپورٹ فیس نقد رقم کی صورت میں وصول نہیں کی جائے گی، بلکہ شہریوں کو فیس کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل نظام استعمال کرنا ہوگا۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی زیر صدارت اجلاس میں پاسپورٹ دفاتر میں سہولیات کی بہتری اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جائے گی۔

حکام کے مطابق نئے نظام کا مقصد فیس وصولی کے عمل کو شفاف بنانا، لین دین کے معاملات کو محفوظ بنانا اور پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے رش کو کم کرنا ہے۔

اجلاس میں پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی بہتر بنانے، شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید آسان اور تیز ہوگا، جبکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

ٹیگز: