Wed, September 16, 2026

پاکستان کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، خطے میں کشیدگی پر گہری تشویش

پاکستان کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، خطے میں کشیدگی پر گہری تشویش

اسلام آباد: پاکستان نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے اصولوں کے تحت دفاع کا حق حاصل ہے۔

پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تشدد پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے سنگین اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔ دفتر خارجہ نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ان سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اور دنیا کو اسرائیل کے حوالے سے دوہرا معیار نہیں اپنانا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور مذاکرات کو ہی مسئلے کا واحد حل سمجھتا ہے۔

ٹیگز: