نیویارک : اقوام متحدہ نے ایران پر امریکی حملے کو خطے میں کشیدگی کے بڑھنے کا خطرناک اشارہ قرار دیا ہے اور اس پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس حملے سے تنازعہ قابو سے باہر جا سکتا ہے اور اس کا اثر نہ صرف خطے کے عوام بلکہ پوری دنیا پر بھی تباہ کن ہو سکتا ہے۔
گوتریس نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ اس نازک صورتحال میں افراتفری سے بچنا ضروری ہے، اور اس تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کے راستے پر چلنا ہی واحد حل ہے اور سفارتکاری کے ذریعے ہی اس بحران کا حل ممکن ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کی تین جوہری تنصیبات پر حملہ کیا ہے، جس پر ایران کی جوہری توانائی ایجنسی نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ ایران نے اس حملے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔