Wed, September 16, 2026

تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ علاقائی کشیدگی ہے، ڈیلرز کے مسائل جلد حل کریں گے: علی پرویز ملک

 تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ علاقائی کشیدگی ہے، ڈیلرز کے مسائل جلد حل کریں گے: علی پرویز ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور پٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل ادراک ہے، اسی لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا منصوبہ متعارف کرایا گیا، جبکہ 28 فروری سے اب تک اربوں روپے کی سبسڈی بھی دی جا چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے اثرات پوری معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں اور ان حالات میں حکومت شفاف اور منصفانہ انداز میں فیصلے کر رہی ہے تاکہ عوام اور کاروباری طبقے دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن اور دیگر معاملات پر جلد اوگرا کے ساتھ تفصیلی اجلاس ہوگا، جبکہ ان مسائل کے مستقل حل کے لیے سمری وفاقی کابینہ میں بھی پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم ڈیلرز کے جائز مطالبات پر مثبت پیش رفت کرے گی اور جلد اس حوالے سے خوشخبری سامنے آئے گی۔ ان کے مطابق حکومت کا ہدف پٹرولیم کے شعبے میں شفافیت، بہتر نظم و نسق اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مسائل کا مؤثر حل ہے۔

ٹیگز: