Wed, September 16, 2026

انسٹاگرام نے پرانی پوسٹس کا میوزک بدلنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا

انسٹاگرام نے پرانی پوسٹس کا میوزک بدلنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے اب پہلے سے شیئر کی گئی فیڈ پوسٹس میں شامل میوزک کو تبدیل کیا جا سکے گا۔

میٹا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ری پلیس آڈیو (Replace Audio) فیچر کے ذریعے صارفین پرانی پوسٹس کے ساؤنڈ ٹریک کو تبدیل کر سکیں گے، جبکہ پوسٹ پر موجود لائکس، کمنٹس، شیئرز اور دیگر انگیجمنٹ میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

کمپنی کے مطابق اس نئی سہولت کا مقصد صارفین کو اپنے پرانے مواد میں ترمیم کرنے کے مزید اختیارات فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں معمولی تبدیلی کے لیے پوسٹ کو دوبارہ اپ لوڈ نہ کرنا پڑے۔

اس سے پہلے اگر کوئی صارف کسی پرانی پوسٹ کا بیک گراؤنڈ میوزک تبدیل کرنا چاہتا تھا تو اسے پوسٹ ڈیلیٹ کرکے نئے میوزک کے ساتھ دوبارہ شیئر کرنا پڑتی تھی، جس کے نتیجے میں پہلے سے حاصل ہونے والی ریچ اور صارفین کا ردعمل بھی ختم ہو جاتا تھا۔

نئے فیچر کے بعد صارفین اپنی موجودہ پوسٹس کے آڈیو کو برقرار رکھتے ہوئے آسانی سے تبدیل کر سکیں گے، جبکہ پوسٹ کی باقی تمام تفصیلات محفوظ رہیں گی۔

اس سہولت کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنی پبلش کی گئی پوسٹ کھول کر اوپر دائیں جانب موجود تین نقطوں والے مینیو پر جانا ہوگا، پھر ایڈٹ (Edit) کے آپشن کو منتخب کرنا ہوگا، جہاں آڈیو تبدیل کرنے کا نیا آپشن نظر آئے گا۔

انسٹاگرام نے اس فیچر کی دستیابی کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اسے مرحلہ وار صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے اور آنے والے دنوں میں یہ تمام اکاؤنٹس کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔
 
 

ٹیگز: