بغداد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں زیاراتِ مقدسہ کے دوران اہم مقامات پر حاضری دی اور امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔
صدرِ مملکت نے بغداد میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے مزار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی۔ اس کے بعد، انہوں نے کاظمیہ مقدسہ میں امام موسیٰ الکاظمؒ اور امام محمد التقیٰ الجوادؒ کے روضوں پر بھی حاضری دی۔ یہاں انہوں نے امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور عالمی امن کے لیے دعا کی اور ائمۂ اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو علم، صبر اور حکمت کا اعلیٰ ذریعہ قرار دیا۔
اس دورے کے دوران، صدر آصف علی زرداری امام ابو حنیفہؒ کے مزار پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے امام ابو حنیفہؒ کی اسلامی فقہ اور رواداری کے لیے کی جانے والی خدمات کی تعریف کی اور ان کے علم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے مختلف مزارات کے منتظمین سے ملاقاتیں بھی کیں اور زیاراتِ مقدسہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔