لاہور: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد تعلیم کی فراہمی کے ساتھ نئی سوچ، تحقیق اور جدت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں، انہیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے درست سمت اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہوگا۔
’سی پاکستان 2026‘ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ کریئیٹوٹی اور انوویشن کے فروغ میں جامعات کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ یونیورسٹیاں طلبہ کو تخلیقی سوچ اور نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرکے انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، اس لیے تعلیمی اداروں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپنی ترجیحات اور طریقہ کار میں تبدیلی لانا ہوگی۔ طلبہ کو صرف نصابی تعلیم تک محدود رکھنے کے بجائے تحقیق اور عملی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ضروری ہے۔
چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے لیے ملک میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ جدید تعلیم، تحقیق اور انوویشن کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔