لاہور : ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن 2026 کے مقابلے لاہور میں اختتام پذیر ہوگئے۔ ایونٹ کے پومزے مقابلوں میں پاکستان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے پومزے کیٹگری میں مجموعی طور پر 3 طلائی، 3 چاندی اور 9 کانسی کے تمغے جیتے۔ کوریا 3 گولڈ اور ایک سلور میڈل کے ساتھ دوسرے جبکہ ایران ایک گولڈ، 3 سلور اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہا۔ افغانستان چوتھے، مصر پانچویں اور سری لنکا چھٹے نمبر پر رہا۔
لاہور کینٹ کے جناح سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ سینئر کیوروگی کے 16 ویٹ کیٹگریز کے مقابلوں میں ایران نے مجموعی طور پر برتری حاصل کی۔ ایرانی دستے نے 7 گولڈ، ایک سلور اور 8 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
کوریا نے 5 طلائی، 4 چاندی اور 6 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ قازقستان 2 گولڈ اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
کیوروگی کے مجموعی نتائج میں ازبکستان چوتھے، تھائی لینڈ پانچویں، اردن چھٹے، سعودی عرب ساتویں، روس آٹھویں اور پاکستان نویں نمبر پر رہا۔
چیمپئن شپ کے آخری روز پیرا تائیکوانڈو کے مقابلے بھی منعقد ہوئے، جس کے بعد ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن 2026 کا کامیابی سے اختتام ہوگیا۔