اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ہی ترجیح دی جانی چاہیے۔
اسحاق ڈار نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے دوران پاکستانی وفد کی شاندار میزبانی اور وزیراعظم کے دورے کے موقع پر ترک قیادت کے گرمجوش استقبال پر ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے آر-4 گروپ کے تیسرے اجلاس کی میزبانی پر بھی ترک حکومت کو سراہا، جس میں ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی روابط اور تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔