لاس ویگاس: گوگل نے اپنی مقبول ترین نیویگیشن سروس گوگل میپس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نئے اور جدید فیچرز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، جن سے ایپ کی بصری پیشکش اور ڈیٹا تجزیے کی صلاحیت میں واضح بہتری آئے گی۔
یہ اعلان لاس ویگاس میں منعقدہ کمپنی کے ایک خصوصی پروگرام کے دوران سامنے آیا۔
نئے فیچرز میں سب سے نمایاں میپس امیجری گراؤنڈنگ ہے، جس کے ذریعے مختلف ادارے گوگل اسٹریٹ ویو جیسے حقیقی مناظر کی مدد سے یہ اندازہ لگا سکیں گے کہ ان کے منصوبے کسی مخصوص مقام پر کس شکل میں نظر آئیں گے۔ اس فیچر کے لیے صارف کو اپنے منصوبے کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی، جس کے بعد چند لمحوں میں ایک بصری تصور تیار ہو جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ گوگل نے سیٹلائٹ ڈیٹا کے تجزیے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایریل اینڈ سیٹلائٹس نامی فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین گوگل کلاؤڈ میں موجود سیٹلائٹ تصاویر کا باریک بینی سے تجزیہ کر سکیں گے۔
مزید برآں کمپنی نے گوگل ارتھ اے آئی کے دو نئے تصویری ماڈلز بھی پیش کیے ہیں، جنہیں پلوں، سڑکوں اور بجلی کی تاروں جیسی مخصوص اشیاء کی پہچان کے لیے تربیت دی گئی ہے۔
گوگل کے مطابق ان نئے ماڈلز کی بدولت ڈویلپرز کو اب مصنوعی ذہانت کے ماڈلز شروع سے تیار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے ترقی کا عمل زیادہ تیز، آسان اور مؤثر ہو جائے گا۔