Wed, September 16, 2026

راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے دن کی صورتحال، جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری

راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے دن کی صورتحال، جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری

راولپنڈی : پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ دوسرے دن کے آغاز پر جاری ہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں سعود شکیل (42) اور سلمان علی آغا (10) کے ساتھ 259 رنز سے اپنی بیٹنگ جاری رکھی ہے۔ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان پانچ وکٹیں گنوا چکا تھا۔

پہلے روز کا آغاز پاکستان کے لیے زیادہ اچھا نہیں رہا۔ قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن 35 رنز پر امام الحق 17 رنز بنا کر ہارمر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، تاہم عبداللہ شفیق 57 رنز بنا کر ہارمر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

چوتھے نمبر پر آنے والے بابر اعظم بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد محمد رضوان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ شان مسعود 87 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج اور سمن ہارمر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے دوران پاکستان کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پچ تھوڑی خشک لگ رہی ہے اور چونکہ یہاں کافی عرصے بعد کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے لاہور ٹیسٹ سے سیکھے گئے اسباق کا ذکر کیا اور اس میچ میں دو کھلاڑیوں، مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کو ٹیم میں شامل کیا۔

پاکستانی ٹیم میں حسن علی کی جگہ آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ آصف آفریدی نے 39 سال اور 299 دن کی عمر میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور شاہین آفریدی نے انہیں ٹیسٹ کیپ دی۔

پاکستان ٹیم میں شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، ساجد خان اور آصف آفریدی شامل ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم میں ایڈن مارکرم، ریان ریکلٹن، ٹرسٹن سٹبس، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرائن، سمن ہارمر، مارکو جینسن، میتھو سامی، کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کرنے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ انہوں نے لاہور ٹیسٹ میں پروٹیز کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

ٹیگز: