Wed, September 16, 2026

قرض نہیں سرمایہ کاری

قرض نہیں سرمایہ کاری

پاکستان اس وقت ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں معاشی استحکام، بین الاقوامی ساکھ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور طویل مدتی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ قرضوں پر انحصار کسی ملک کے لیے وقتی سہارا تو بن سکتا ہے مگر یہ کسی بھی طور پر پائیدار ترقی کا ذریعہ نہیں۔ ہماری معیشت ایک ایسے بوجھ تلے دبی جا رہی ہے جس سے نکلنے کے لیے محض مالی امداد نہیں بلکہ ایک مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے۔ حکومت کو اب وقت ضائع کیے بغیر ایسا پائیدار معاشی فریم ورک تشکیل دینا ہو گا جس پر مکمل عملدرآمد سے نہ صرف ملکی ساکھ بہتر بنائی جا سکے بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو۔
یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ قرض لینا ترقی کا مترادف نہیں بلکہ ایک ایسا بوجھ ہے جو وقت کے ساتھ بڑھتا چلا جاتا ہے۔ ہمیں بطور قوم اس سوچ کو بدلنا ہو گا کہ بیرونی قرض ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔ اصل ترقی اس وقت ممکن ہو گی جب ہم سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کریں، اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو اعتماد دلائیں کہ پاکستان ایک محفوظ، پُرکشش اور منافع بخش سرمایہ کاری کی منزل ہے۔ حکومت کو اس ضمن میں جامع اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ، شفاف طریقہ کار اور مستحکم پالیسیوں کا یقین حاصل ہو۔
پاکستان کے لیے اس وقت سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ ہم اپنے بین الاقوامی تعلقات کو معاشی نقطہ نظر سے ازسرِ نو استوار کریں۔ امریکہ جیسے طاقتور ملک کے ساتھ ہمارے تعلقات طویل عرصے سے مختلف اتار چڑھا کا شکار رہے ہیں۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان تعلقات کو محض سفارتی نہیں بلکہ معاشی مفادات کے تناظر میں مضبوط کریں۔ امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات سرمایہ کاری، تجارت، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور صنعتی تعاون کے دروازے کھول سکتے ہیں۔ اسی طرح سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ صرف عسکری پہلو تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کو اقتصادی شراکت داری میں بھی بدلنا ہوگا۔ سعودی عرب کے پاس سرمایہ اور پاکستان کے پاس افرادی قوت اور صلاحیت موجود ہے، ان دونوں عناصر کو یکجا کر کے ہم خطے میں ایک نئی معاشی طاقت کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔
نجی شعبے کا کردار اس ساری حکمتِ عملی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نجی شعبے کو حکومتی سرپرستی میں بیرونِ ملک سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی اجازت دے۔ جب پاکستانی کمپنیاں مختلف ممالک میں شراکت داری کے منصوبے (Joint Ventures) کریں گی تو نہ صرف سرمایہ پاکستان آئے گا بلکہ جدید ٹیکنالوجی، تجربہ اور عالمی معیار کی پیداوار بھی ہمارے ملک میں متعارف ہوگی۔ یہی وہ راستہ ہے جو پائیدار ترقی کی ضمانت بن سکتا ہے۔
پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ہمیں اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا، ٹیکس نظام کو مؤثر اور منصفانہ بنانا ہوگا، برآمدات کو فروغ دینے کے لیے صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔ توانائی، زراعت، آئی ٹی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، لیکن ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومتی سطح پر تسلسل اور شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا۔
ایک اور پہلو جس پر توجہ دینا ناگزیر ہے وہ ہے ’’اعتماد کی بحالی‘‘۔ بیرونی سرمایہ کار اس ملک میں سرمایہ کاری تب ہی کریں گے جب انہیں یقین ہوگا کہ پالیسیوں میں استحکام ہے، قوانین میں اچانک تبدیلیاں نہیں ہوتیں اور ادارے آزادانہ مگر ذمہ دارانہ طریقے سے کام کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے ماضی میں بارہا پالیسیوں میں غیر متوقع تبدیلیوں اور بیوروکریٹک پیچیدگیوں نے سرمایہ کاروں کو مایوس کیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت ایسے نظام کی بنیاد رکھے جہاں سرمایہ کاروں کو یقین ہو کہ ان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اور ان کے منصوبے بغیر غیر ضروری رکاوٹوں کے مکمل ہوں گے۔
پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں بیرونی سرمایہ کاری صرف مالی مدد نہیں بلکہ اعتماد کی علامت بن سکتی ہے۔ جب بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگاتے ہیں تو دنیا کو یہ پیغام جاتا ہے کہ پاکستان ایک مستحکم اور ترقی پذیر ملک ہے۔ یہی وہ تصور ہے جو ہماری ساکھ کو بہتر بنا سکتا ہے۔ اس کے لیے سفارتی محاذ پر بھی حکمتِ عملی اپنانا ہوگی تاکہ دنیا کے مختلف خطوں میں موجود سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کو پاکستان کے امکانات سے آگاہ کیا جا سکے۔
آخر میں یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے صرف حکومت نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرزنجی شعبہ، سرمایہ کار، صنعت کار، تاجر اور عوام سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں اجتماعی شعور کے ساتھ یہ طے کرنا ہوگا کہ قرض پر انحصار ختم کر کے ہم اپنی بنیادیں مضبوط کریں۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں، وسائل اور جغرافیائی اہمیت کو استعمال میں لا کر خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہونا ہوگا۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں معاشی آزادی، خود مختاری اور حقیقی ترقی کی منزل تک لے جا سکتا ہے۔
پاکستان ایک باصلاحیت ملک ہے، یہاں کے نوجوان، وسائل اور جغرافیہ سب کچھ ہمارے لیے قوت کا ذریعہ ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم درست سمت کا تعین کریں اور پائیدار معاشی فریم ورک کے تحت اپنے مستقبل کی تعمیر کریں۔ قرض نہیں، بلکہ دانشمندانہ منصوبہ بندی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پالیسیوں کے تسلسل سے ہی ہم اپنی ساکھ کو بحال کر سکتے ہیں اور دنیا میں ایک مضبوط معاشی قوم کے طور پر اپنا مقام بنا سکتے ہیں۔

ٹیگز: