لاہور: پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کے حالیہ دورہِ آذربائیجان کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے تاریخی منصوبوں کو بین الاقوامی سطح پر زبردست پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے اس دورے پر کی جانے والی تنقید کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے حسد اور بوکھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا، "جنہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں عوام کے لیے کچھ کیا ہی نہیں، انہیں دنیا کا کوئی ملک کیوں بلائے گا؟ کیا کسی کو بین الاقوامی فورمز پر یہ بتانے کے لیے مدعو کیا جاتا کہ آپ نے بنی گالہ اور اڈیالہ جیل کے کتنے چکر لگائے ہیں؟" انہوں نے کہا کہ عالمی برادری صرف کارکردگی اور وژن کو دیکھ کر دعوت دیتی ہے۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات نے پنجاب میں جاری عوامی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 'اپنی چھت اپنا گھر' پروگرام کے تحت اس وقت صوبے بھر میں ایک لاکھ گھروں پر تیزی سے کام جاری ہے اور وہ زیرِ تعمیر ہیں۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں کی کایا پلٹنے کے لیے ایک بڑا انقلابی قدم اٹھایا جا رہا ہے، جس کے تحت پنجاب کے 2 ہزار سے زائد دیہات کو تمام جدید سفری، صحت اور تعلیمی سہولیات سے لیس کر کے 'ماڈل ولیج' بنایا جا رہا ہے۔