برگن اسٹاک:سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکہ اور ایران کے مابین تکنیکی سطح کے مذاکرات کے متوازی ایک بڑی سفارتی بیٹھک ہوئی ہے، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے خصوصی ملاقات کی ہے۔
انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف بھی وائٹ ہاؤس کے وفد کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات کے آغاز پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گرمجوشی کے ساتھ گلے مل کر ان کا خیرمقدم کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کی قیادت کے مابین تعریفی اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم بیٹھک کا بنیادی مقصد برگن اسٹاک میں موجود امریکہ اور ایران کے مذاکراتی وفود کے مابین تکنیکی بات چیت کو نتیجہ خیز بنانا اور "اسلام آباد مفاہمت" کے تحت خطے میں مستقل جنگ بندی کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ دونوں اطراف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ مذاکرات مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گے۔