Wed, September 16, 2026

’’میں دوستی کے لیے تیار ہوں‘‘ تاپسی پنوں کا کنگنا کو پیغام

’’میں دوستی کے لیے تیار ہوں‘‘ تاپسی پنوں کا کنگنا کو پیغام

ممبئی: حال ہی میں تاپسی پنوں نے اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ اپنے پرانے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دوستی کے لیے تیار ہیں۔

تاپسی نے یوٹیوب پر گفتگو میں واضح کیا کہ کنگنا کے ساتھ ان کا کبھی ذاتی جھگڑا نہیں رہا، البتہ ماضی میں عوامی سطح پر ہونے والی نوک جھونک سے شاید کسی کو فائدہ ہوا ہو۔

تاپسی نے یاد دہانی کرائی کہ ایک موقع پر رنگولی چنڈیل نے انہیں ’’کنگنا کی سستی کاپی‘‘ کہا تھا۔ اس پر تاپسی نے کہا کہ چونکہ وہ کنگنا جتنا پیسہ نہیں کماتی، اس لیے انہیں سستی کہا گیا، لیکن انہوں نے کبھی بھی اس بات پر برا نہیں مانا اور کنگنا کے خلاف کچھ نہیں کہا۔

جب ان سے فلم انڈسٹری میں اسٹار کڈز کو ترجیح دینے کے معاملے پر اختلافات کے بارے میں پوچھا گیا، تو تاپسی نے جواب دیا کہ انہیں اس کی تفصیلات نہیں معلوم، لیکن کسی نہ کسی طرح کسی کو فائدہ ضرور ہوا ہوگا۔

تاپسی نے واضح کیا کہ وہ ماضی کے اختلافات ختم کر کے آگے بڑھنا چاہتی ہیں اور اس سلسلے میں دوستی کی پیشکش کی ہے۔

یاد رہے کہ 2020 میں تاپسی اور کنگنا کے درمیان سوشل میڈیا پر کھلی جنگ دیکھنے میں آئی تھی۔ اس دوران کنگنا نے تاپسی اور سوارا بھاسکر کو ’’بی گریڈ اداکارائیں‘‘ اور ’’ضرورت مند آؤٹ سائیڈرز‘‘ قرار دیا تھا۔ تاپسی نے اس کے جواب میں کہا تھا کہ وہ ایک بہتر نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں اور ایک دوسرے سے لڑنے کی بجائے صنعت میں انصاف اور مواقع کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

ٹیگز: