عصرِ حاضر میں جب علم و تحقیق نے ریاستی طاقت کے مفہوم کو محض عسکری قوت سے نکال کر سائنسی برتری اور تکنیکی مہارت کے دائرے میں داخل کر دیا ہے تو ایسے میں کسی بھی ملک کے حساس سائنسی ماہرین کی حیثیت محض فرد کی نہیں رہتی بلکہ وہ قومی سلامتی کے خاموش ستون تصور کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ عرصے میں امریکہ کے اندر جن واقعات نے توجہ حاصل کی ہے، وہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے معمول کے حادثات سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور تشویشناک دکھائی دیتے ہیں۔ 2024 سے اب تک متعدد ایسے سائنسدانوں اور ماہرین کے بارے میں اطلاعات سامنے آئی ہیں جن کا تعلق خلائی تحقیق، جوہری پروگرام اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی جیسے نہایت حساس شعبوں سے تھا، اور جو یا تو پراسرار حالات میں لاپتہ ہوئے یا غیر واضح انداز میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ان واقعات کا تسلسل محض اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسا سوالیہ نشان ہے جو ریاستی حفاظتی نظام، سائنسی برادری کے تحفظ اور عالمی طاقتوں کے درمیان جاری خاموش مسابقت پر گہرے اثرات ڈالتا ہے۔ جب ایک ہی نوعیت کے واقعات بار بار ایک مخصوص طبقے، یعنی اعلیٰ سطح سائنسی ماہرین، کو متاثر کرنے لگیں تو یہ صورتحال اتفاق سے آگے بڑھ کر ایک پیٹرن کی صورت اختیار کر لیتی ہے، اور یہی وہ نکتہ ہے جہاں سے تجزیہ محض خبریت سے نکل کر سٹریٹجک مطالعے کی طرف منتقل ہو جاتا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس اور سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ان افراد میں ایسے ماہرین شامل تھے جو جدید دفاعی ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور حساس انجینئرنگ منصوبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے۔ ان کا کام محض نظری تحقیق تک محدود نہیں تھا بلکہ عملی اطلاق کے اعتبار سے بھی قومی دفاعی ڈھانچے سے براہِ راست جڑا ہوا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی گمشدگی یا اموات کو صرف انفرادی حادثات کے طور پر دیکھنا ایک سطحی تجزیہ ہوگا۔ ایسے حالات میں یہ سوال فطری طور پر جنم لیتا ہے کہ آیا یہ واقعات داخلی کمزوریوں کا نتیجہ ہیں یا پھر کسی وسیع تر بیرونی حکمتِ عملی کا حصہ؟۔
ایک زاویہ یہ پیش کیا جا سکتا ہے کہ جدید سائنسی اداروں میں کام کرنے والے افراد شدید ذہنی دباو¿، طویل ورکنگ اوقات اور مسلسل نگرانی کے ماحول میں کام کرتے ہیں۔ اس نوعیت کا دباو¿ بعض اوقات انسانی نفسیات پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے، جو حادثات یا غیر متوقع واقعات کا سبب بن سکتا ہے۔ تاہم یہ وضاحت اپنی جگہ مکمل نہیں سمجھی جا سکتی کیونکہ جب یکے بعد دیگرے اسی شعبے کے افراد متاثر ہوں تو یہ محض انفرادی نفسیاتی کیفیت نہیں رہتی بلکہ کسی بڑے نظامی مسئلے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی سیاست اور طاقتوں کی مسابقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ سائنسی برتری ہمیشہ سے عالمی طاقتوں کے درمیان کشمکش کا مرکزی میدان رہی ہے۔ سرد جنگ کے دور سے لے کر آج تک تحقیق، ٹیکنالوجی اور حساس معلومات کا حصول محض علمی عمل نہیں بلکہ سٹریٹجک مقصد بھی رہا ہے۔ ایسے میں یہ امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا کہ سائنسی ماہرین کسی بالواسطہ یا غیر مرئی مسابقت کا ہدف بن جائیں، جہاں براہِ راست جنگ کے بجائے خفیہ سرگرمیاں زیادہ مو¿ثر سمجھی جاتی ہیں۔
یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ جدید دور میں معلومات کی اہمیت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ایک فرد کے پاس موجود ڈیٹا یا تحقیق پوری ریاستی پالیسیوں کا رخ بدل سکتی ہے۔ لہٰذا کسی سائنسدان کا اچانک لاپتہ ہو جانا یا غیر واضح حالات میں موت کا شکار ہونا نہ صرف ایک انسانی نقصان ہے بلکہ ممکنہ طور پر حساس معلومات کے ضیاع یا افشا کا خطرہ بھی پیدا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے واقعات کو ریاستی سطح پر انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور فوری تحقیقات ناگزیر سمجھی جاتی ہیں۔
وائٹ ہاو¿س کی جانب سے ان واقعات پر باضابطہ ردعمل اور ایف بی آئی سمیت متعلقہ اداروں کو تحقیقات میں شامل کرنا اس بات کا اظہار ہے کہ معاملہ محض قیاس آرائیوں تک محدود نہیں رہا۔ حکومت کی جانب سے تمام کیسز کو ایک ساتھ دیکھنے اور ممکنہ ربط تلاش کرنے کی کوشش اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پسِ پردہ کسی بڑے محرک کی تلاش جاری ہے۔ تاہم اصل چیلنج یہ ہے کہ آیا ان تحقیقات کے نتائج کسی واضح حقیقت تک پہنچ پاتے ہیں یا یہ معاملہ بھی دیگر حساس تحقیقات کی طرح غیر یقینی کے دائرے میں رہ جاتا ہے۔
اس صورتحال نے سائنسی برادری میں بھی ایک غیر محسوس اضطراب پیدا کیا ہے۔ سائنسدان جو بنیادی طور پر علم و تحقیق کے ذریعے انسانی فلاح کے لیے کام کرتے ہیں، اگر خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگیں تو اس کا اثر براہِ راست تحقیق کی رفتار اور معیار پر پڑتا ہے۔ نتیجتاً نہ صرف انفرادی ادارے بلکہ عالمی سائنسی ترقی بھی سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔ یہ پہلو اس مسئلے کو محض ایک ملکی بحران سے نکال کر عالمی چیلنج میں تبدیل کر دیتا ہے۔
سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں ان واقعات پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ لوگ اسے محض اتفاقی حادثات قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض حلقے اسے ایک منظم عمل یا بیرونی مداخلت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ امریکی صدر کی جانب سے احتیاط پر مبنی بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومتی سطح پر بھی مکمل یقین یا حتمی رائے قائم نہیں کی گئی، بلکہ معاملے کو کھلا رکھا گیا ہے تاکہ تحقیقات کے ذریعے اصل حقیقت تک پہنچا جا سکے۔
اگر مجموعی صورت حال کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ واقعات صرف انفرادی سانحات نہیں بلکہ ایک ایسے پیچیدہ جغرافیائی و سائنسی توازن کی علامت ہیں جس میں طاقت، علم اور معلومات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس توازن میں معمولی سی دراڑ بھی بڑے پیمانے پر اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان واقعات کو محض خبروں تک محدود رکھنا دانشمندی نہیں بلکہ انہیں ایک وسیع تر تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔
آخرکار یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ جدید دنیا میں سائنسی ذہانت کسی بھی قوم کی سب سے بڑی طاقت بن چکی ہے۔ اس طاقت کا تحفظ صرف ایک ملک کی ذمہ داری نہیں بلکہ عالمی استحکام کا تقاضا ہے۔ اگر سائنسی ماہرین خود کو غیر محفوظ محسوس کریں گے تو اس کا نقصان پوری انسانیت کو ہوگا۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان واقعات کی تہہ تک پہنچنے کے لیے نہ صرف ریاستی ادارے سنجیدگی سے کردار ادا کریں بلکہ عالمی سطح پر بھی شفافیت، تعاون اور اعتماد کے ماحول کو فروغ دیا جائے، تاکہ علم و تحقیق کا سفر خوف کے بجائے تحفظ کے سائے میں جاری رہ سکے۔