Wed, September 16, 2026

ترقی کے لیے امن پہلی شرط، آج پھر سبز پاسپورٹ کی عزت ہو رہی ہے: نواز شریف

ترقی کے لیے امن پہلی شرط، آج پھر سبز پاسپورٹ کی عزت ہو رہی ہے: نواز شریف

مری : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کا سفر امن و امان سے جڑا ہوا ہے اور آج بین الاقوامی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کا وقار ایک بار پھر بحال ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اپنے خطاب کے دوران میاں نواز شریف نے ملک میں امن کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تاریخی کردار کو بھرپور طریقے سے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے امن پہلی شرط ہے، اور ان دونوں شخصیات نے اس مقصد کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی امن اور استحکام کی بدولت آج دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کو دوبارہ عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
نواز شریف نے پنجاب اور وفاق میں اپنی جماعت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا    انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ترقی کے میدان میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت سب سے آگے ہیں اور عوامی فلاح کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔ قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست محض نعروں تک محدود نہیں بلکہ وہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ گلگت بلتستان میں بھی ترقی کا وہی ماڈل لانا چاہتے ہیں جس نے پنجاب کی تقدیر بدل دی ہے۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مقصد خطے میں معاشی خوشحالی، سیاحت کا فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ یہ علاقہ بھی قومی ترقی کے دھارے میں پوری طرح شامل ہو سکے۔

ٹیگز: