کراچی : پاک بحریہ نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں پر پہنچاتے ہوئے جدید ترین کروز میزائل ’’تیمور‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ فضا سے سطحِ سمندر پر مار کرنے والے اس میزائل نے کھلے سمندر میں اپنے ہدف کو نہ صرف کامیابی سے نشانہ بنایا بلکہ اسے مکمل طور پر نیست و نابود کر کے اپنی حربی طاقت کا لوہا منوا لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، یہ تجربہ فورس کی آپریشنل تیاریوں اور سمندر میں درست نشانہ لگانے کی غیر معمولی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ میزائل طویل فاصلے تک دشمن کے بحری بیڑوں اور اہداف کو تلاش کر کے انہیں تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
اس میزائل کی کامیاب فائرنگ کو قومی دفاعی پیداوار میں ایک کلیدی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو سمندری حدود کی حفاظت کو مزید یقینی بنائے گا۔ یہ اضافہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے اور کسی بھی بیرونی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ناگزیر تھا۔
کامیاب تجربے کے فوراً بعد صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کی، جبکہ فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے اسے ملکی دفاع کے لیے ایک "گیم چینجر" قرار دیتے ہوئے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔