Wed, September 16, 2026

الیکشن کمیشن کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف نوٹس، کل پیش ہونے کا حکم

الیکشن کمیشن کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف نوٹس، کل پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے مبینہ دھمکی آمیز بیان پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لیا گیا، جس میں دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن عملے کو دھمکایا اور جلسے میں موجود عوام کو بھی اکسانے کی کوشش کی۔ اس پر الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے تاکہ اس معاملے کی وضاحت سامنے آ سکے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ایک مفرور مجرم بھی جلسے میں موجود تھا، جس سے انتخابی عمل پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ضمنی انتخابات کا پرامن انعقاد مشکل ہو گیا ہے، اور اس کے نتیجے میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، انتخابی عملے اور ووٹروں کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے ساتھ اجلاس بلانے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ اس معاملے پر فوری طور پر کارروائی کی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری ملازمین کو دھاندلی کی صورت میں دھمکیاں دی تھیں، جس کے بعد یہ نوٹس جاری کیا گیا۔

ٹیگز: