Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ورلڈ چِلڈرن ڈے پر بچوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ورلڈ چِلڈرن ڈے پر بچوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے پیغام

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ چِلڈرن ڈے کے موقع پر بچوں کے تحفظ اور فلاح کے حوالے سے ایک اہم پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے خلاف تشدد اور جرائم کا خاتمہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ "میرے پاکستان کا ہر بچہ لخت جگر ہے، میری اولاد کی طرح میرا مستقبل اور میری ذمہ داری ہے۔ پنجاب کے ہر بچے کو محبت اور دعاوں کے ساتھ سلام پیش کرتی ہوں۔" ان کا کہنا تھا کہ جہاں بچے محفوظ ہوں، وہاں مستقبل روشن ہوتا ہے، اور پنجاب حکومت کا ہر قدم بچوں کی فلاح، حفاظت اور خوشی کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے بچوں کی صحت، تعلیم اور فلاح کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ "چائلڈ ہارٹ سرجری پروگرام" کے تحت ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائی جا چکی ہیں اور ٹائپ-1 شوگر کے مریض بچوں کو انسولین کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آٹسٹک بچوں کے لیے پاکستان کا پہلا خصوصی آٹزم سکول قائم کیا جا رہا ہے، جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ننھے بچوں کے لیے "نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف ارلی ایجوکیشن" ہر ضلع میں قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بچوں کے تحفظ کے لیے "ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پروگرام" جیسے جدید پروگرامز شروع کر رہی ہے، جو بچوں کی گمشدگی، استحصال اور دیگر خطرات کے کیسز کو جدید نظام کے تحت حل کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ، چائلڈ لیبر کے انسداد کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کا شکار بچوں کے لیے "سکول میل پروگرام" شروع کیا تاکہ بھوک کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں بچوں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے۔

وزیراعلیٰ نے خصوصی بچوں کے حوالے سے بھی کئی اقدامات کا ذکر کیا، جن میں مصنوعی اعضا، ہیئرنگ ایڈز اور ویل چیئرز فراہم کرنا شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "کوئی بچہ محروم یا لاچار دکھائی دے تو نیند نہیں آتی، اور جب تک ہر بچے کی آنکھوں میں روشن مستقبل کی چمک نہ ہو، ہماری جدوجہد مکمل نہیں ہوگی۔"

آخر میں، مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر بچے کے حقوق کا تحفظ کرنے، ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنے اور انہیں ایک روشن اور کامیاب مستقبل دینے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔

ٹیگز: