اسلام آباد ، لاہور،کراچی:ملک بھر میں کل عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر شہری اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوں گے۔تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں عید کی نماز کے لیے مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں بڑے اجتماعات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان اجتماعات میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ مسلم امہ کی فلاح اور اتحاد کے لیے دستِ دعا بلند کیے جائیں گے۔
علمائے کرام عید کے خطبوں میں اس دن کے روحانی فلسفے اور اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔عید کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ملک بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں۔ تمام بڑے شہروں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور حساس مقامات پر گشت بڑھا دیا گیا ہے تاکہ شہری پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔