Wed, September 16, 2026

پاکستانی شہریوں کے اسرائیل جانے کا کوئی علم نہیں، دفتر خارجہ

پاکستانی شہریوں کے اسرائیل جانے کا کوئی علم نہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد:  دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی اسرائیل کے بارے میں پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اور انہیں پاکستانی شہریوں کے اسرائیل جانے کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں۔

شفقت علی خان نے آج ہونے والی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اس وقت اسرائیل جانے سے متعلق خبروں کی تحقیقات کر رہا ہے، اور جب تک مکمل معلومات حاصل نہیں ہو جاتیں، تب تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی مکمل طور پر ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں ناقابل تسخیر ہیں اور یہ ڈیٹرینس کے ذریعے دفاع کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

امریکہ کی طرف سے پاکستانیوں پر پابندیوں کی خبریں مسترد کرتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا کہ ایسی رپورٹس میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور امریکی محکمہ خارجہ نے ان کی تردید کر دی ہے۔

افغانستان کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان ناظم الامور کی طلبی معمول کے مطابق ہوئی ہے اور اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ پاکستان اپنے تحفظات افغان حکومت تک پہنچا رہا ہے اور عالمی برادری سے افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طورخم بارڈر گزشتہ روز کھولا گیا ہے اور اس سے متعلق مسئلے کا مستقل حل نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی۔

ٹیگز: