ریاض : وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بات کی۔
اس ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر خارجہ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور اقتصادی، تجارت، توانائی، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو کی۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کو سراہا، جس سے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ دونوں ممالک نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور خطے کی سلامتی پر بات کی۔
سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط، ثقافت اور تعلیم کے میدان میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مجموعی طور پر، وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔