سڈنی : آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل اور ان کی اہلیہ وینی رامن کے گھر دوسری اولاد کی صورت میں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس کا نام مائیا میکسویل رکھا گیا ہے۔
میکسویل اور وینی رامن نے سوشل میڈیا پر اپنی نومولود بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ جوڑے نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مائیا کو اپنی خوابوں کی بیٹی قرار دیا۔ خبر سامنے آنے کے بعد کرکٹرز، کرکٹ ٹیموں، خاندان اور مداحوں کی جانب سے دونوں کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
گلین میکسویل اور وینی رامن پہلے ہی ایک بیٹے کے والدین ہیں۔ ان کے بیٹے لوگن ماورک میکسویل کی پیدائش ستمبر 2023 میں ہوئی تھی۔
میکسویل اور وینی رامن کی پہلی ملاقات دسمبر 2013 میں ہوئی، جس کے بعد دونوں کے درمیان دوستی قائم ہوئی اور وقت کے ساتھ یہ رشتہ محبت میں تبدیل ہوگیا۔ دونوں نے فروری 2020 میں منگنی کی، جبکہ 27 مارچ 2022 کو میلبورن میں شادی کی۔
کرکٹ کے میدان میں میکسویل نے جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 149 ون ڈے میچز کھیلے، جن میں 3,990 رنز بنانے کے علاوہ 77 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
گلین میکسویل 2015 اور 2023 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیموں کا حصہ بھی رہے۔ 2023 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف ممبئی میں ان کی ناقابلِ شکست 201 رنز کی شاندار اننگز کرکٹ کی یادگار پرفارمنسز میں شمار ہوتی ہے۔