کیلیفورنیا:واٹس ایپ نے گزشتہ سال سے چیٹ میسجز اور چینل اپ ڈیٹس کے لیے ترجمہ کرنے والے فیچر پر کام شروع کیا تھا، اور اب یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، یہ فیچر ابھی کچھ بیٹا صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے، اور توقع کی جارہی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اس فیچر کو دیگر بیٹا صارفین تک بھی پہنچایا جائے گا۔ اس فیچر کے ذریعے اسپینش، عربی، پرتگیز، ہندی اور روسی زبانوں میں ترجمہ کیا جا سکے گا۔
اس فیچر کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے لیے انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صارفین کو صرف اپنے مطلوبہ زبان کے لینگوئج پیک کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ انٹرنیٹ کے بغیر بھی پیغامات کا ترجمہ کر سکیں گے۔ لینگوئج پیک خودکار طور پر زبان کو شناخت کر کے پیغامات کا ترجمہ کرے گا۔
اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو سیٹنگز میں جا کر چیٹ سیکشن میں جانا ہوگا اور وہاں زبان کا انتخاب کرنا ہوگا جس کے پیغامات کا خودکار ترجمہ کرانا چاہتے ہیں۔ یہ فیچر ون آن ون اور گروپ چیٹس دونوں میں کام کرے گا۔
اگر کسی صارف کو خودکار ترجمہ کی ضرورت نہ ہو تو وہ میسج آپشنز میں جا کر "ٹرانسلیٹ" کا آپشن غیر فعال کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، صارفین کو فی الحال ترجمے کے حوالے سے مکمل اعتماد نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ واٹس ایپ لائٹ ویٹ لینگوئج پیکس پر انحصار کرے گا۔ تاہم، واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے فیڈ بیک کی بنیاد پر ترجمے کو بہتر بنایا جائے گا۔