Wed, September 16, 2026

تحریک انصاف لاہور جاگ اٹھی

تحریک انصاف لاہور جاگ اٹھی

پاکستان تحریک انصاف لاہور اس وقت جن مسائل کا شکار ہے ان میں زیادہ تر کارکن رہنما پولیس کی چیرہ دستیوں کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں میں یا تو خاموش بیٹھ گئے ہیں پا پھر اس اچھی خبراور وقت کی ٹوہ میں ہیں کہ جب پنجاب پولیس اور حکمران تحریک انصاف کے کارکنوں کو مار مار کر تھک جائیں گے اوراپنے ہاتھ کھڑے کر دیں گے۔ جب سے امتیاز محمود شیخ جو کہ رکن صوبائی اسمبلی ہونے کے ساتھ ساتھ ڈپٹی چیف وہپ پنجاب اسمبلی بھی ہیں، کو لاہور کا صدر بنایا گیا ہے انہوں نے دن رات جدوجہد کر کے اور یونین کونسل تک تنظیم سازی کی ہے اور آئے روز کسی نہ کسی بہانے سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا خون گرم رکھنے کے لیے کرکٹ میچ، کبڈی میچ، خواتین کے سوشل سرگرمیوں پر پروگرام کے ساتھ ساتھ ماہ رمضان میں سحری اور افطاری کے روزانہ فنکشن کر کے پارٹی کو متحرک کر دیا ہے لیکن لاہور کی صدارت کے عہدے پر نظر رکھنے والوں اور ان کے مد مقابل کارکن اور ٹانگیں کھینچنے والے بھی کم نہیں ہیں لیکن امتیاز محمود شیخ دن رات محنت کرتے ہیں اور پارٹی کے لیے کام کر کے خوش ہیں۔ رمضان المبارک کے 29 ویں روزہ پر پاکستان تحریک انصاف لاہور کے کارکنوں کو امتیاز محمود شیخ نے دعوت افطار پر مدعو کیا جس میں ہزاروں کارکنوں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ لاہور سے ممبر قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، سابق صدر تحریک انصاف لاہور غلام محی الدین دیوان، تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ، لاہور کی میڈیا کوآرڈینیٹر محترمہ زیبا ناز کے ساتھ ساتھ لاہور کے تمام عہدے داروں، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی، یونین کونسل اور مختلف سطح پر پارٹی کے تمام عہدے داروں کومدعو کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف لاہور کی سابقہ اور موجودہ قیادت اکٹھی ہوئی اور ایک ہی نعرہ تھا عمران خان کو رہا کرو اور ظلم جبر بند کرو عمران خان رہا کرو۔ اس موقع پر عمران خان کی رہائی کے لیے دعا کرائی گئی اور آنے والے ساتھیوں کا پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر امتیاز محمود شیخ نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دیدنی بات یہ تھی کہ تمام لوگ خوف اور ڈر کے بت توڑ کر اس دعوت شیراز میں شامل ہوئے اور تا حد نگاہ ایک جم غفیر تھا۔ چند دن قبل لاہور کے صدر امتیاز محمود شیخ میڈیا کوآڈیٹیٹر لاہور زیبا ناز سے ملنے ان کی رہائش گاہ واقع ڈیفنس تشریف لائے اور سیاسی امور کے ساتھ میڈیا پارٹی پالیسی پر بات چیت کی۔ انہوں نے میڈیا میں تحریک انصاف پر ڈے ٹو ڈے حکمرانوں کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کا جواب دینے کے لیے مؤثر حکمت عملی بنانے کے بارے میں ہدایات دیں اور کہا وہ ماشاء اللہ پہلے ہی متحرک ہیں اور کوئی دن ایسا نہیں ہوتا کہ ان کے ٹی وی ٹاک شوز اخبارات کے صفحات پر بیانات شائع نہ ہوتے ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے زیبا ناز کو یہ بھی ہدایت کی کہ پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر تحریک انصاف کو مؤثر بنایا جائے اور باقاعدہ میڈیا کے سلسلہ میں ایک کمیٹی جو پہلے سے کام کر رہی ہے اس کو اور زیادہ بہتر کریں۔ اس موقع پر لاہور کی میڈیا کوآرڈینیٹر زیبا ناز نے یقین دلایا اور کہاان شاء اللہ اپنے وزیراعظم عمران خان کے لیے دامے درمے اور سخنے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہوں اور آج کے بعد آپ کی ہدایت کے مطابق اس کام کو اور بھی تیز کیا جائے گا اور آپکی ہدایات روزانہ آپ کو میڈیا پر نظر آئیں گی۔ اس موقع پر امتیاز محمودشیخ نے محترمہ زیبا ناز کو مریم نواز شریف حکومت کی ایک سالہ جعلی کارکردگی کے مقابلے میں حقائق پر مبنی پاکستان تحریک انصاف کا ایک مجلہ بھی دیا جس میں چربہ منصوبوں اور جعلی منصوبوں کی مفصل تفسیر موجود ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈہ پور لاہور تشریف لائے اور انہوں نے پنجاب بار کونسل سے پُرجوش خطاب کیا انہوں نے کہا جب تک ہماری جان میں جان ہے ہم عمران خان کے لیے قربان ہیں اور عمران خان کی ہدایت کے مطابق مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور کوئی حکمرانوں میں سے یہ سمجھتا ہے مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے لاہور بار کے لیے پانچ کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا جس پر لاہور کے وکلا نے ان کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور لاہور ہائی کورٹ سے انہیں تالیوں کی گونج اور پھولوں کی پتیوں کی برسات میں روانہ کیا گیا۔

ٹیگز: