اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک نیا قومی نغمہ ’’قوم کے شہیدوں تمہیں سلام‘‘ ریلیز کیا ہے۔ اس نغمے کے ذریعے، آئی ایس پی آر نے وطن کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے تمام شہداء کو بھرپور طریقے سے سلام پیش کیا ہے۔
نغمے میں نہ صرف فوجیوں کی قربانیوں کا تذکرہ کیا گیا ہے بلکہ معصوم بچوں اور خواتین کی شہادتوں کو بھی یاد کیا گیا ہے، جو دہشت گردی کے حملوں کا شکار ہوئیں۔ یہ نغمہ شہداء کی قربانیوں کو قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رکھنے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
نغمے میں یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ ہر پاکستانی شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتا ہے اور ان کا لہو پاکستان کی بقا اور امن کی ضمانت ہے۔ نغمہ خون کے آخری قطرے تک وطن کی خاطر لڑنے اور قربانی دینے کے عزم کو دوبارہ زندہ کرتا ہے، جو پاکستانی قوم کا ہمیشہ کا عہد ہے۔