Wed, September 16, 2026

مائیکرو سافٹ کا نیا منصوبہ: اے آئی ایجنٹس کو بھی منیجر کی ضرورت

مائیکرو سافٹ کا نیا منصوبہ: اے آئی ایجنٹس کو بھی منیجر کی ضرورت

کیلیفورنیا :مائیکرو سافٹ نے کام کی جگہ پر مصنوعی ذہانت کے استعمال کو ایک نئے زاویے سے پیش کیا ہے، جہاں کمپنی کا ماننا ہے کہ صرف انسانوں کو ہی نہیں بلکہ اے آئی ایجنٹس کو بھی انتظام کی ضرورت ہوتی ہے۔

کمپنی نے حال ہی میں مائیکرو سافٹ ایجنٹ 365 کا اعلان کیا ہے، جو صارفین کو 1.3 ارب اے آئی ایجنٹس کی نگرانی کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ 2028 تک یہ ایجنٹس دفتری کاموں کو خودکار بنانے کے لیے فعال ہوں گے، اور ان کی مؤثر نگرانی کے لیے نئے ٹولز کی ضرورت پڑے گی۔

ایجنٹس وہ سافٹ ویئر پروگرام ہیں جو انسانی سطح پر کام کرتے ہیں اور مختلف دفتری امور کو انجام دیتے ہیں۔ مائیکرو سافٹ اور دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں اس قسم کے سسٹمز کو تیزی سے مارکیٹ کر رہی ہیں تاکہ کاروباری عمل میں خودکاریت لائی جا سکے۔

مائیکرو سافٹ کا نیا سسٹم کمپنی کے آئی ٹی عملے کو اس بات کی اجازت دے گا کہ وہ ایجنٹس کی سرگرمیوں کی نگرانی کر سکیں، بالکل اسی طرح جیسے وہ کمپنی کے نیٹ ورک پر موجود صارفین کو مانیٹر کرتے ہیں۔ اس سسٹم کے ذریعے آئی ٹی اہلکار ایجنٹس کو ٹریک کر کے ’باغی‘ ایجنٹس کو الگ (قرنطینہ) کر سکیں گے، اور مجاز ایجنٹس کو کام کے لیے مختلف ٹولز فراہم کیے جائیں گے۔

کمپنی کے مطابق، یہ سسٹم ایجنٹس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور کام کی جگہ پر خودکاریت کی سطح کو مزید بڑھانے میں مدد دے گا۔

ٹیگز: