Wed, September 16, 2026

مراکش کشتی حادثے میں ملوث 3 ایجنٹس گرفتار، ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن جاری

مراکش کشتی حادثے میں ملوث 3 ایجنٹس گرفتار، ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن جاری

لاہور: مراکش کشتی حادثے میں ملوث تین ایجنٹس کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، زون گوجرانوالہ کی ٹیم نے گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مرزا احسان بیگ، عمران مشتاق اور حسن عباس کو گرفتار کیا۔

مرزا احسان بیگ کا تعلق مراکش کشتی حادثے سے ہے، اور اس نے فادی گجر، باشی گجر اور رانا لیاقت کے ساتھ مل کر شہری کو سپین بھیجنے کی کوشش کی تھی۔ ان ملزمان نے شہری سے 27 لاکھ روپے وصول کیے اور اسے پہلے موریطانیہ بھیجا، پھر اسپین اسمگل کرنے کی کوشش کی، تاہم شہری نے کشتی کے ذریعے سفر کرنے سے انکار کر دیا۔

دوسری کارروائی میں، عمران مشتاق کو اسلام آباد میں ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا، جس نے شہری سے 30 لاکھ روپے لے کر کینیڈا بھیجنے کا وعدہ کیا تھا، مگر وہ اس میں ناکام ہو گیا۔

تیسری کارروائی میں حسن عباس کو پسرور سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا، جس نے 28 لاکھ روپے لے کر شہریوں کو اسپین اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم، شہریوں نے کشتی کے ذریعے سفر کرنے سے انکار کیا اور واپس پاکستان آ گئے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ٹیگز: