کیلیفورنیا: میٹا کی ملکیت میسجنگ پلیٹ فارم WhatsApp نے اپنے ویب ایڈیشن میں آڈیو اور ویڈیو کالز کی سہولت شامل کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس نئی اپ ڈیٹ کو بتدریج صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے۔
اس سے پہلے کال کرنے کی سہولت صرف اسمارٹ فون ایپ یا کمپیوٹر کے ڈیسک ٹاپ پروگرام تک محدود تھی، لیکن اب صارفین براہِ راست اپنے ویب براؤزر کے ذریعے بھی رابطہ قائم کر سکیں گے، اور انہیں علیحدہ سافٹ ویئر انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
فی الحال یہ فیچر صرف انفرادی چیٹس کے لیے دستیاب ہے۔ کال کرنے کے لیے مطلوبہ چیٹ کھول کر اوپر موجود رابطے کے نام کے ساتھ دیے گئے کال بٹن پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد آڈیو اور ویڈیو کال کے اختیارات سامنے آ جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ویب ورژن پر کی جانے والی کالز مکمل اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوں گی اور اس مقصد کے لیے سگنل پروٹوکول استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسکرین شیئرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے صارفین مزید آسانی کے ساتھ آن لائن رابطہ کر سکیں گے۔