لاہور : پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید نے اپنی اہلیہ عروہ حسین کے ساتھ شادی کی نویں سالگرہ انتہائی محبت بھری انداز میں منائی۔ اس موقع پر فرحان نے اپنا نیا گانا ’منظر‘ ریلیز کیا، جو خاص طور پر انہوں نے عروہ کے نام وقف کیا۔
فرحان سعید نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا، "زندگی کی سب سے بڑی محبت کو نویں سالگرہ مبارک ہو۔ اللہ کا شکر ہے کہ تم میری زندگی کا حصہ ہو، اور میں باقی زندگی تمہارے ساتھ گزارنے کا انتظار کر رہا ہوں۔ ’منظر‘ میں تم ہی میرے دل کی سب سے بڑی خواہش ہو، آج میں اپنی زندگی کے بہترین لمحے دنیا کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں۔"
گانا ’منظر‘ اپنی سادگی اور جذباتی نوعیت کی وجہ سے شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اس گانے کی میوزک ویڈیو میں فرحان اور عروہ کی شادی کے حسین لمحات دکھائے گئے ہیں، جو نہ صرف رومانوی ہیں بلکہ ان کی حقیقی محبت اور یادوں کی جھلکیاں بھی پیش کرتے ہیں۔ ویڈیو دیکھتے ہی مداح ماضی کی خوشگوار یادوں میں کھو گئے۔ اس گانے میں صابری سسٹرز کی آوازیں بھی شامل کی گئی ہیں، اور یہ محبت، ساتھ اور ایک دوسرے تک پہنچنے کی خوبصورت کہانی بیان کرتا ہے۔
عروہ حسین نے بھی فرحان کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا، "میں رو رہی ہوں، اس زندگی میں تمہیں پا کر میں بہت خوش ہوں، اور تم سے بے حد محبت کرتی ہوں۔"
یاد رہے کہ فرحان سعید اور عروہ حسین نے 2016 میں شادی کی تھی اور اس سال دونوں نے ساتھ مل کر مشہور ڈرامہ ’اڈاری‘ میں کام کیا تھا، جسے ناظرین نے بہت پسند کیا۔ دونوں نے مختلف انٹرویوز میں اپنے رشتہ اور مشترکہ سفر کے بارے میں بات کی، اور کہا کہ انہوں نے اپنے تعلقات میں ہر مشکل کا صبر، عزت اور محبت کے ساتھ سامنا کیا، اور کبھی بھی ایک دوسرے کے بارے میں منفی بات نہیں کی۔