کوئٹہ : بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ اموات سیلابی ریلے، چھت گرنے اور آسمانی بجلی گرنے جیسے واقعات کی وجہ سے ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موسیٰ خیل اور کوہلو میں کرنٹ لگنے سے دو بچے، زیارت میں ڈیم میں ڈوب کر تین خواتین، لسبیلہ اور لورالائی میں دیوار گرنے سے دو افراد، ژوب میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہنے سے چار افراد جاں بحق ہوئے۔ خضدار میں بھی دیوار گرنے اور سیلاب کی وجہ سے چھ افراد، ہرنائی میں چھت گرنے سے دو بچے ہلاک ہوئے، جبکہ دکی میں چار بچیاں سیلاب میں بہہ گئیں۔
مالی طور پر بھی نقصان بہت زیادہ ہوا ہے۔ بارشوں کی وجہ سے 357 سولر پینل تباہ ہوگئے اور چار سرکاری عمارتیں متاثر ہوئیں۔ مجموعی طور پر 83 گھر متاثر ہوئے، جن میں 69 کو جزوی اور 14 کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ خبروں اور وارننگز پر دھیان دیں اور حفاظتی اقدامات کریں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان نہ ہو۔