Wed, September 16, 2026

بھارت نے حملہ کر کے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری، مودی کی حماقت سے پاکستان کی برتری ثابت ہوئی، سعد رفیق

بھارت نے حملہ کر کے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری، مودی کی حماقت سے پاکستان کی برتری ثابت ہوئی، سعد رفیق

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے جارحیت کی کوشش مودی سرکار کی سب سے بڑی سیاسی اور عسکری حماقت تھی، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا۔ لاہور میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملکی دفاع اور بدلتے ہوئے عالمی نظام پر تفصیلی گفتگو کی۔
 خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنے سے 5 گنا بڑی فوج کو بھی ناک چنے چبوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ آج پوری دنیا پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کی معترف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جوڑی نے ملک کو جس طرح استحکام بخشا ہے، اس کی گونج بین الاقوامی ایوانوں میں بھی سنی جا رہی ہے۔ یہاں تک کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی آئے روز پاکستانی قیادت کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔
  عالمی منظرنامے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب دنیا صرف ایک سپر پاور کے گرد نہیں گھومے گی بلکہ نئے ورلڈ آرڈر میں کئی بڑی طاقتیں اپنا کردار ادا کریں گی، جس سے امریکہ کی اجارہ داری ختم ہو جائے گی۔ ن لیگی رہنما نے واضح کیا کہ 'گریٹر اسرائیل' کا نقشہ کبھی حقیقت نہیں بن پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک بھی اب متحد ہو رہے ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ امتِ مسلمہ اپنی طاقت پہچان رہی ہے۔

ٹیگز: