باکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرکاری دورۂ آذربائیجان کے دوران اس وقت ایک اہم سفارتی منظرنامہ سامنے آیا جب انہوں نے باکو میں منعقدہ بین الاقوامی "ورلڈ اربن فورم" میں شرکت کی۔ فورم میں پہنچنے پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ان کی اہلیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا ریڈ کارپٹ اور والہانہ استقبال کیا۔
مریم نواز شریف اس وقت آذربائیجان کے صدر کی خصوصی ریاستی مہمان کے طور پر باکو میں موجود ہیں، جہاں انہیں غیر معمولی سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مابین خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی، جس کے بعد صدر الہام علیوف اور خاتونِ اول نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
اس دورے کو پنجاب حکومت کی جانب سے پائیدار شہری ترقی کے شعبے میں عالمی سطح پر روابط بڑھانے اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے انتہائی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔