اسلام آباد: بھارتی میڈیا کا پاکستان مخالف جھوٹا پراپیگنڈا بالآخر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز اور ہالینڈ کے معروف جریدے پولیٹیکن نے اپنی رپورٹس میں بھارتی میڈیا کے غیر ذمہ دار رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ان رپورٹس کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی نیوز چینلز نے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا۔ بھارتی میڈیا نے یہ تک کہا کہ بھارت نے پاکستانی ایٹمی تنصیبات پر حملے کیے، دو لڑاکا طیارے مار گرائے اور کراچی بندرگاہ پر دھماکے کیے، لیکن بین الاقوامی تحقیقات سے واضح ہوا کہ ان میں سے کوئی بھی دعویٰ سچ پر مبنی نہیں تھا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق بھارتی میڈیا نے جعلی ویڈیوز، پرانی جنگی فوٹیجز اور AI سے بنائی گئی تصاویر استعمال کیں تاکہ عوامی جذبات کو بھڑکایا جا سکے۔ بعض مشہور اینکرز اور چینلز نے تو جنگ کو ہوا دینے میں "چیئر لیڈر" کا کردار ادا کیا۔
ہالینڈ کے اخبار پولیٹیکن نے بھی بھارتی میڈیا کے جھوٹ کا پردہ چاک کرتے ہوئے لکھا کہ کئی چینلز نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے اسلام آباد پر قبضہ کر لیا ہے، جو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد تھا۔ رپورٹ کے مطابق ان خبروں نے خطے میں کشیدگی بڑھائی اور عام لوگوں میں خوف اور نفرت کو جنم دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی نیوز چینلز نے ریٹنگز کی دوڑ میں صحافتی اصولوں کو پس پشت ڈال دیا اور امن کے بجائے جنگ کو فروغ دینے کی کوشش کی۔