اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں خاص طور پر پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اعمال چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کا سہارا لے رہا ہے۔
غیر ملکی چینل آر ٹی عربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا تاریخی پس منظر دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ الزامات لگا کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے پہلگام حملے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے چند منٹ بعد ہی بھارتی میڈیا نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی، جبکہ خود بھارت کی وزارت خارجہ نے دو دن بعد کہا کہ تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو پیشکش کی تھی کہ اگر کوئی ثبوت ہے تو کسی غیر جانبدار ادارے کو دیا جائے، ہم مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں، مگر بھارت نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی مساجد پر حملے کیے، معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا، جو کہ ایک قابلِ افسوس اور غیر اخلاقی عمل ہے۔