اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، وزیراعظم 19 سے 22 مارچ تک سعودی عرب میں قیام کریں گے، جہاں ان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے، معاشی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ہوگا۔
اس دورے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، کچھ اہم وفاقی وزراء اور سینئر حکومتی افسران بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ دورے کے دوران، وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔ اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور فلسطین کی صورتحال پر بھی گفتگو کی جائے گی۔