میکسیکو : فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اسٹیج کے پہلے راؤنڈ کے اختتام تک مجموعی طور پر 75 گول اسکور ہو چکے ہیں، جس کے بعد فی میچ گولز کی اوسط 3.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق یہ ایک تاریخی رجحان ہے کیونکہ 1958 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں فی میچ تین سے زیادہ گولز کی اوسط سامنے آئی ہے۔
پہلے 24 میچز میں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 600 شاٹس لگائے، جن میں سے 200 شاٹس ہدف پر رہے۔ ان مقابلوں میں 9 میچز برابر ختم ہوئے، جو اس مرحلے میں سخت مقابلے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
پاسنگ کے شعبے میں اسپین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک میچ میں 811 پاسز مکمل کیے۔ مجموعی طور پر اب تک 22 ہزار 520 پاسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن میں 19 ہزار 264 کامیاب پاسز شامل ہیں۔
جرمنی نے سب سے بڑی فتح اپنے نام کی، ایک میچ میں 7 گول اسکور کیے۔ دوسری جانب ترکیہ نے ایک میچ میں 30 شاٹس لگا کر جارحانہ انداز کا مظاہرہ کیا۔
یوروگوئے کراسز اور کارنرز کے شعبے میں نمایاں رہا، جس نے 42 کراسز اور 14 کارنرز حاصل کیے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک 205 کارنرز، 72 آف سائیڈز، 52 یلو کارڈز اور صرف 3 ریڈ کارڈز سامنے آئے ہیں۔
انفرادی سطح پر ارجنٹینا کے لیونل میسی 3 گولز کے ساتھ ٹاپ اسکوررز میں شامل ہیں۔ ترکیہ کے آردا گولر 8 شاٹس کے ساتھ سب سے زیادہ شاٹس لینے والے کھلاڑی رہے۔
آئیوری کوسٹ کے اماد دیالو ڈرِبلنگ میں سب سے آگے ہیں جبکہ جرمنی کے جوشوا کِمِش دو اسسٹس کے ساتھ بہترین پلے میکر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔