Wed, September 16, 2026

عوام کیلئے ریلیف، سولر پینلز پر ٹیکس کم کر دیا گیا: اسحاق ڈار

عوام کیلئے ریلیف، سولر پینلز پر ٹیکس کم کر دیا گیا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے سولر پینلز پر سیلز ٹیکس کی شرح کم کرتے ہوئے اسے 18 فیصد سے گھٹا کر 10 فیصد کر دیا ہے، تاکہ سولر انرجی کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں استعمال ہونے والا تقریباً 46 فیصد سولر سامان درآمد کیا جاتا ہے، جس پر بھاری ٹیکس سے صارفین متاثر ہو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس میں کمی کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف دیا جا سکے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ تجاویز پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ تنخواہوں میں 6 فیصد اضافے کی تجویز سامنے آئی تھی مگر وفاقی کابینہ نے اسے ناکافی قرار دیتے ہوئے نظرِ ثانی کی سفارش کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کے معاملے پر کچھ ابہام موجود تھا، لیکن حکومت واضح کر چکی ہے کہ اس شعبے پر ٹیکس لگانا صوبائی اختیار ہے اور وفاق اس میں مداخلت نہیں کرے گا۔

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ سندھ کی جامعات کے بجٹ سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ جو اختلافات تھے وہ حل ہو چکے ہیں اور اب معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔


نائب وزیر اعظم نے کہا کہ چاروں صوبوں میں ترقیاتی اسکیمیں اب پاکستان انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (PIDCL) کے ذریعے مکمل کی جائیں گی، جو کہ اب پی ڈبلیو ڈی کی جگہ لے گا۔

آئی ایم ایف سے جاری بات چیت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی میں درپیش رکاوٹوں اور ریونیو میں کمی سے نمٹنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔

ٹیگز: