Wed, September 16, 2026

ایران بڑی مشکلات کی جانب بڑھ رہا ہے، آئندہ ہفتہ اہم ہوگا: امریکی صدر

ایران بڑی مشکلات کی جانب بڑھ رہا ہے، آئندہ ہفتہ اہم ہوگا: امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کو جو مہلت دی گئی تھی وہ ختم ہو چکی ہے، اور اب واشنگٹن کسی بھی وقت بڑا قدم اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہو سکتا ہے اور ممکن ہے اس سے پہلے ہی فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران اس وقت غیرمعمولی دباؤ میں ہے اور آنے والے دنوں میں اسے مزید سخت حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کے مطابق امریکا نے تہران کو بارہا موقع دیا، مگر اس کی جانب سے تعاون یا بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آئے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت بات چیت کرنا چاہتا ہے، لیکن امریکا کئی بار واضح کر چکا ہے کہ جوہری معاہدہ نہ صرف ضروری ہے بلکہ اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکا ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے، تو انہوں نے کہا کہ "فی الوقت اس بارے میں کوئی حتمی رائے دینا ممکن نہیں، لیکن تمام امکانات پر غور جاری ہے۔"

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران نے عالمی برادری کے مطالبات کو مسلسل نظر انداز کیا ہے اور اگر اس روش کو نہ بدلا گیا تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ ایران کے رویے پر نظر رکھے کیونکہ اس کے اقدامات نہ صرف خطے بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی خطرناک ہو سکتے ہیں۔

ٹیگز: