اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی صارفین کے لیے سہولتیں بڑھانے کے اقدامات تیز کر دیے ہیں اور ملک بھر میں 16 لاکھ اسمارٹ میٹر نصب کیے جا چکے ہیں۔ نئی ایپ "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" کے ذریعے صارفین اب اپنی بجلی کی ریڈنگ خود رپورٹ کر سکیں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ 40 ارب روپے کی اووربلنگ کا بوجھ کسی بھی صارف پر نہیں ڈالا گیا اور بجلی کے شعبے میں پیدا ہونے والے نقصانات عام عوام پر منتقل نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی پی پیز سے کامیاب مذاکرات کے بعد بجلی کی قیمت میں کمی آئی ہے اور دسمبر 2025 میں قومی اوسط قیمت 42.27 روپے فی یونٹ رہی، جبکہ مارچ 2024 میں یہ 53.04 روپے فی یونٹ تھی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر مستقبل کے 8 ہزار میگاواٹ مہنگے بجلی منصوبے منسوخ کیے، جس سے ملک کو 17 ارب ڈالر سے زائد کی بچت ہوئی۔ اصلاحات کے ذریعے گردشی قرض میں کمی آئی ہے اور آئندہ 5 سے 6 سال میں گردشی قرض کی مکمل ادائیگی ممکن ہوگی۔
اویس لغاری نے نیپرا کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ رپورٹ اگست 2025 میں جاری ہونی چاہیے تھی، تاہم ناکافی اعداد و شمار کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اور رپورٹ بجلی کے شعبے کا درست منظرنامہ پیش کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت صارفین کے مفاد میں مزید اصلاحات جاری رکھے گی۔