Wed, September 16, 2026

غیرقانونی تارکین وطن کوکسی صورت داخل نہیں ہونےدیاجائےگا،ٹرمپ

غیرقانونی تارکین وطن کوکسی صورت داخل نہیں ہونےدیاجائےگا،ٹرمپ

واشنگٹن :  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قاتلوں کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دی اور غیرقانونی تارکین وطن کو ملک میں آنے دیا۔ اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کے دور میں امریکا میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں، جن میں 10 ماہ کے اندر 8 جنگوں کا خاتمہ، ایران کے جوہری خطرے کا ناکام بنانا اور غزہ میں امن قائم کرنا شامل ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا بڑا مینڈیٹ ملا تھا اور ایک سال میں جو کچھ انہوں نے حاصل کیا، وہ کوئی اور انتظامیہ نہیں کر سکی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ان کے دور حکومت میں امریکا نے بہتری کی جانب قدم بڑھایا، اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور امریکیوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکا میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے اور بے روزگاری کی شرح کم ہوئی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بائیڈن کی پالیسیوں کے برعکس ان کے دور میں تمام نئی نوکریاں امریکی شہریوں کو ملیں، جبکہ بائیڈن کے دور میں غیرقانونی تارکین وطن نے یہ نوکریاں حاصل کیں۔ ٹرمپ نے اپنے دور کو "بدترین سے بہترین" بناتے ہوئے معیشت میں بہتری اور سرمایہ کاری کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کی حکومت نے امریکا کی سرحدوں کو محفوظ بنایا۔

صدر نے بائیڈن کی گرین انرجی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ انہیں دوبارہ نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکی فوجیوں کو کرسمس پر 1776 ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کی کوشش کر رہی تھی اور بائیڈن کی پالیسیوں کو واپس لانے کی اجازت نہیں دیں گےْ

ٹیگز: