اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو آج ہی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے پی ٹی آئی بانی کے میڈیکل ریکارڈ، علاج اور اہلخانہ سے ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات طلب کیں۔ جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا مکمل میڈیکل ریکارڈ فراہم کیوں نہیں کیا گیا، جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل تمام طبی ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وکیل عزیر بھنڈاری نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں مکمل طبی معائنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان، جو خود میڈیکل ڈاکٹر ہیں، کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے نجی ہسپتال منتقلی کی وجہ اور علاج کے اخراجات سے متعلق بھی استفسار کیا، جس پر وکیل نے بتایا کہ اخراجات خاندان برداشت کرے گا۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کو سخت سکیورٹی میں ہسپتال منتقل کرنے اور ہسپتال کے باہر امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے اہلخانہ کو ہفتے میں ایک روز ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک ہسپتال میں رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کو عمران خان کے علاج اور صحت کے معاملے کو سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔