پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے کی رقم دوگنی کر دی گئی ہے۔ اب جاں بحق افراد کے ورثا کو 10 لاکھ کے بجائے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے مطابق صوبے کے متاثرہ اضلاع کو 85 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں اور چیکس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے خود سوات کا دورہ کر کے متاثرہ افراد میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور وزیراعلیٰ خود صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، اس لیے عوام احتیاط کریں، ندی نالوں کے قریب نہ جائیں، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1700 پر اطلاع دیں۔