اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ثقافتی ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین دنیا کی ان قدیم ترین تہذیبوں کا گہوارہ ہے جو انسانی تاریخ میں تخلیق اور تنوع کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے نوجوان نسل کو اپنے ورثے کے تحفظ کے لیے ہراول دستہ بننے کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اہم نکات میں واضح کیا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ محض چند مقامات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ جہت تہذیب ہے جو ہماری سماجی و اخلاقی اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔ہمارا ورثہ ہماری قومی شناخت کا آئینہ دار ہے، جو ہمیں ایک قوم کے طور پر متحد رکھتا ہے۔
پاکستان میں موجود تاریخی مقامات انسانی تخلیقی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جن کا اعتراف پوری دنیا کرتی ہے۔شہباز شریف نے خصوصی طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اس عظیم ورثے پر فخر کریں اور اسے عالمی سطح پر متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ اس کے تحفظ میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا، "آئیے ہم سب مل کر اپنے اس انمول اثاثے کی حفاظت کریں اور اس کا جشن منائیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں بھی اپنے شاندار ماضی سے آگاہ رہ سکیں۔