تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو تقسیم اور تنازعات کو مسترد کرنا چاہیے کیونکہ ایسی صورتحال دشمنوں اور عالمی سازشوں کا حصہ ہوتی ہے۔
مسعود پزشکیان نے حالیہ پاک افغان جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو امن، ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی نے ایران اور پورے خطے میں تشویش پیدا کی ہے۔
ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ اپنے اختلافات کو حکمت اور مفاہمت کے ذریعے حل کریں اور مسلم ممالک کو امن، انصاف اور ترقی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ مل کر مسائل کا حل تلاش کریں گے۔
پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی، جس سے نہ صرف پاکستان اور افغانستان، بلکہ پورے خطے میں امن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔