Wed, September 16, 2026

اسرائیل کے حملوں میں ساتھ دینے والے ممالک بھی ذمہ دار ہوں گے ، ایران

 اسرائیل کے حملوں میں ساتھ دینے والے ممالک بھی ذمہ دار ہوں گے ، ایران

نیویارک :ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ملک نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر ہونے والے حملوں میں مدد کی، تو وہ بھی ان حملوں کا قانونی طور پر ذمہ دار ہوگا اور اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایراوانی نے کہا کہ ایران صرف اپنے دفاع میں کارروائیاں کر رہا ہے، جن کا ہدف صرف فوجی تنصیبات ہیں، نہ کہ عام شہری۔

انہوں نے امریکا پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر اسے اسرائیل کو اسلحہ، معلومات اور سیاسی حمایت حاصل نہ ہوتی تو وہ ایران پر حملہ نہیں کر سکتا تھا۔ اس لیے امریکا بھی ان حملوں کا شریک ہے۔

ایرانی مندوب نے زور دے کر کہا کہ ایران نے کسی جنگ کی شروعات نہیں کی اور اسرائیل کا یہ دعویٰ کہ ایران اس کے وجود کے لیے خطرہ ہے، محض بہانہ ہے۔

دوسری طرف، اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے کہا کہ ایران شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ اسرائیل صرف سرکاری اہداف پر حملہ کر رہا ہے۔

ٹیگز: