میکسیکو : میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ زلزلے کے بعد ساحلی علاقوں کے لیے سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، جس کے باعث وسیع علاقے میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے بعد متعلقہ حکام نے ساحلی آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے ممکنہ سونامی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات فوری اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے اثرات صرف میکسیکو تک محدود نہیں رہے بلکہ پڑوسی ممالک گواٹے مالا اور ایل سلواڈور میں بھی زمین لرزنے سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
گواٹے مالا کے دارالحکومت گواٹے مالا سٹی میں کئی عمارتیں ہلنے لگیں، جس کے باعث شہری محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو گئے اور کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے۔
تاحال کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم متعلقہ ادارے مختلف علاقوں سے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
احتیاطی اقدام کے طور پر امدادی ٹیموں اور ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ عوام کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر غیر ضروری طور پر متاثرہ عمارتوں میں داخل نہ ہونے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 24 جون کو وینزویلا میں بھی 7.2 اور 7.5 شدت کے دو تباہ کن زلزلے آئے تھے، جن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ وینزویلا کی وزارتِ اطلاعات کے مطابق ان زلزلوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار 342 تک پہنچ چکی ہے۔